لاہور: پاکستان ریلوے نے محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی برسی کے موقع پر لاہور سے گڑھی خدا بخش تک خصوصی ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریلوے حکام نے اس خصوصی ٹرین کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
خصوصی ٹرین 26 دسمبر کو لاہور سے روانہ ہوگی اور 27 دسمبر کو صبح 4:30 بجے گڑھی خدا بخش (شاہ نواز بھٹو اسٹیشن) پہنچے گی۔ اسی روز شام 7 بجے یہ ٹرین واپس لاہور روانہ ہو گی اور 28 دسمبر کو صبح 9:20 بجے لاہور پہنچے گی۔
ریلوے حکام کے مطابق خصوصی ٹرین کے لیے مختلف ٹرینوں کی بوگیاں اتاری جا رہی ہیں۔ جمعرات کو لاثانی ایکسپریس کی 4 بوگیاں خصوصی ٹرین کے لیے ہٹائی گئیں۔ عام طور پر لاثانی ایکسپریس 9 بوگیاں لے کر لاہور سے روانہ ہوتی ہے، مگر اس مرتبہ اسے 5 بوگیوں کے ساتھ روانہ کیا جائے گا۔
اس خصوصی ٹرین کا مقصد بے نظیر بھٹو کی برسی پر ان کے عقیدت مندوں کو گڑھی خدا بخش پہنچنے میں سہولت فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ اپنی قائد کے مزار پر حاضری دے سکیں اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کر سکیں