راولپنڈی:9 مئی کو جی ایچ کیو حملہ کیس میں سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، علی امین گنڈاپور اور دیگر رہنماؤں پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔
یہ کیس راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں سماعت کے لیے پیش آیا، جہاں بانی پی ٹی آئی اور دیگر ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی کو کوٹ لکھپت جیل سے اڈیالہ منتقل کیا گیا۔
عدالت نے شاہ محمود قریشی، علی امین گنڈاپور، شہریار آفریدی، کنول شوذب، شبلی فراز سمیت 14 دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کی۔
یاد رہے کہ 9 مئی کے جی ایچ کیو حملہ کیس میں مجموعی طور پر 113 ملزمان پر فرد جرم عائد کی جا چکی ہے۔ اس کے علاوہ، عدالت نے دیگر 6 ملزمان کو 21 دسمبر کو طلب کر لیا ہے۔
دوسری طرف، شاہ محمود قریشی، کنول شوذب اور علی امین گنڈاپور نے اپنی بریت کے لیے درخواست دائر کی ہے، جس پر اے ٹی سی جج کل سماعت کریں گے۔