افغانستان: دو مسافر بسوں کی آئل ٹینکر سے ٹکر، 52 افراد ہلاک، 65 زخمی

05:32 PM, 19 Dec, 2024

نیوویب ڈیسک

قندھار:افغانستان میں کابل سے قندھار جانے والی دو مسافر بسوں کا آئل ٹینکر اور ٹرک سے تصادم ہوا، جس میں 52 افراد جاں بحق جبکہ 65 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

یہ دونوں حادثات صوبہ غزنی کی مرکزی شاہراہ پر پیش آئے، جہاں ایک بس آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی، اور دوسری بس کا ٹرک سے شدید تصادم ہوا۔

غزنی کے گورنر کے ترجمان حافظ عمر کے مطابق، ان حادثات میں 52 افراد کی ہلاکت ہو گئی، جبکہ 65 افراد زخمی ہیں۔ زخمیوں کو مقامی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، اور شدید زخمیوں کو کابل منتقل کیا جا رہا ہے۔

طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ حکومت نے اس سانحے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے تاکہ آئندہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حادثات کی وجوہات کا پتہ لگا کر مناسب اقدامات کیے جائیں گے۔

اس حادثے میں خواتین اور بچوں کی بھی ہلاکت ہوئی ہے، اور زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

افغانستان میں ٹریفک حادثات کی سب سے بڑی وجہ خراب سڑکیں، غیر محتاط ڈرائیونگ، اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ مارچ میں بھی ہلمند صوبے میں بس حادثے  میں 20 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

مزیدخبریں