ایف آئی اے کی جانب سے سابق صدر عارف علوی کو کلین چٹ

02:53 PM, 19 Dec, 2024

نیوویب ڈیسک

کراچی: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی کو کلین چٹ دیتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ ان کے خلاف ایف آئی اے میں کوئی مقدمہ درج نہیں ہے۔

سندھ ہائی کورٹ کے دو رکنی آئینی بینچ کی سربراہی جسٹس کے کے آغا نے عارف علوی کے خلاف مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست کی سماعت کی۔ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے عدالت میں رپورٹ پیش کی جس میں کہا گیا کہ ایف آئی اے کے پاس عارف علوی کے خلاف کسی قسم کا مقدمہ درج نہیں۔

اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے صوبے میں عارف علوی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کے لیے مزید وقت کی درخواست کی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ مقدمات کی تفصیلات حاصل کرنے میں تاخیر کیوں ہو رہی ہے؟ سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ مختلف محکموں سے تفصیلات جمع کی جارہی ہیں۔

جسٹس عدنان الکریم میمن نے کہا کہ اگر آئی جی سندھ مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کے ذمہ دار نہیں ہیں تو پھر کس کو اس کا اختیار ہے؟ کیا ایف آئی آر چھپائی جا رہی ہیں؟ سرکاری وکیل نے وضاحت دیتے ہوئے بتایا کہ ایف آئی آر میانوالی میں درج ہے اور حفاظتی ضمانت یہاں سے حاصل کی گئی ہے۔

جسٹس کے کے آغا نے کہا کہ یہ ریکارڈ اس لیے طلب کیا گیا ہے تاکہ مکمل تفصیلات سامنے آئیں۔ عدالت نے سابق صدر کی گرفتاری کے خلاف حکم امتناع میں مزید توسیع کرتے ہوئے صوبے میں درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کے لیے مہلت دے دی اور سماعت 13 جنوری تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے سابق صدر کو کسی نئے مقدمے میں گرفتاری سے روکنے کا حکم بھی جاری کیا۔

مزیدخبریں