لاہور: عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ڈیموکریسی کے بغیر ملک نہیں چل سکتا، اور نظام میں تبدیلی لانا ضروری ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہمارے صوبے اس سوچ کے تحت کام کرتے ہیں جو چیف منسٹر کے منہ سے نکلتا ہے، اور وہ ڈائریکٹو بن کر عمل درآمد ہوتا ہے۔
عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ نے مزید کہا کہ پاکستان میں جو گروتھ ہوئی ہے، وہ صرف ڈیموکریٹک دور میں ممکن ہوئی ہے۔ انہوں نے ایوب خان کے دور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ دور بھی ڈیموکریٹک ہوتا تو گروتھ اور بھی بہتر ہوتی۔
شاہد خاقان عباسی نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نے پرائیویٹائزیشن کا آغاز اُس وقت کیا جب دنیا کے کسی اور ملک نے یہ قدم نہیں اٹھایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بینک، سیمنٹ اور فرٹیلائزر کے ادارے بیچے اور اس عمل کے ذریعے معاشی ترقی کی راہ ہموار کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ انسان کے پاس ڈگری نہیں، بلکہ تعلیم اور دنیا کا تجربہ ہونا چاہیے تاکہ ترقی کے راستے کھل سکیں۔