ماسکو:روس کی وزارت صحت نے کینسر کے علاج کے لیے ایک نئی ویکسین تیار کی ہے، جو 2025 کے اوائل سے مریضوں کو مفت فراہم کی جائے گی۔ یہ ویکسین کینسر ہونے سے نہیں روک سکتی، لیکن یہ کینسر کے علاج میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ روس کے ریڈیالوجی میڈیکل ریسرچ سینٹر کے جنرل ڈائریکٹر آندرے کیپرین نے بتایا کہ یہ ویکسین ایم آر این اے (mRNA) پر مبنی ہے اور کینسر کے مریضوں کے لیے دستیاب ہوگی۔
یہ ویکسین ٹیومر کی بڑھوتری کو روکنے اور میٹاسٹیس کے خطرے کو کم کرنے میں مدد کر سکتی ہے، تاہم اس بات کا ابھی تک تعین نہیں ہو سکا کہ یہ ویکسین کون سے کینسر کے علاج میں مؤثر ثابت ہوگی۔ روس میں حالیہ برسوں میں کینسر کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، اور بڑے آنت، چھاتی اور پھیپھڑوں کے کینسر میں زیادہ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔ ویکسین کی ایک ڈوز پر روسی حکومت کو 2869 ڈالر خرچ آئیں گے، اور یہ مریضوں کو ان کے کینسر کی نوعیت کے مطابق فراہم کی جائے گی۔