مسقط: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے عمان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے عمان کے سرکاری اور عسکری حکام سے ملاقاتیں کیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، ایڈمرل نوید اشرف نے سلطنت عمان کے شاہی دفتر کے وزیر، کمانڈر رائل نیوی آف عمان اور کمانڈر نیشنل ڈیفنس کالج سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں کے دوران بحرِ ہند کی سکیورٹی صورتحال اور مشترکہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، نیول چیف نے بحرِ ہند میں بحری قزاقی اور اسمگلنگ کی روک تھام میں پاک بحریہ کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔ عمان کے سول و عسکری حکام نے اس بات پر زور دیا کہ پاک بحریہ نے علاقائی بحری امن و استحکام کے قیام میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ پاکستان بحریہ دیگر علاقائی ممالک کے ساتھ مل کر میری ٹائم سکیورٹی کے فروغ کے لیے ہمیشہ مضبوط حامی رہی ہے۔
دورے کے دوران نیول چیف نے سید بن سلطان نیول بیس، رائل عمان بحریہ کے بحری جہاز، میری ٹائم سکیورٹی سینٹر، نیشنل ڈیفنس کالج، ملٹری ٹیکنیکل کالج اور سلطان قابوس نیول اکیڈمی سمیت اہم بحری تنصیبات کا دورہ بھی کیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ایڈمرل نوید اشرف کا دورہ عمان دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔