اسلام آباد: سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایک مرتبہ پھر مذاکرات کو مسائل کے حل کا بہترین طریقہ قرار دیا ہے۔ سپیکرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ کم بولنا اور درگزر کرنا سپیکرز کے لیے ضروری ہے، اور انہیں کسی ممبر کے ساتھ بات کو الجھاؤ میں نہیں لانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپیکر اور جج کی ذمہ داری بہت بڑی ہوتی ہے اور ان کی پکڑ بھی سخت ہوتی ہے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ بطور سپیکر ان کے سینے میں کئی راز دفن ہیں، جنہیں اگر ظاہر کیا جائے تو بعض ممبران کو آئندہ ٹکٹ تک نہ ملے۔ تاہم، ان کا کہنا تھا کہ یہ راز ہمیشہ ان کے سینے میں رہیں گے۔ انہوں نے اداروں کو مستحکم بنانے اور ماحول کو بہتر رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
سپیکر قومی اسمبلی نے مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ تلخیوں کو کم کرنا اور مل جل کر راستہ بنانا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات ہی جمہوریت کی ترقی اور استحکام کا باعث بنیں گے، اور مسائل ہمیشہ بیٹھ کر اور مذاکرات کے ذریعے حل ہوتے ہیں۔ ایاز صادق نے مزید کہا کہ ضروری نہیں کہ ہر مسئلہ حل ہو یا ہر شرط مانی جائے، لیکن ہمیں ایک دوسرے کو عزت دینی ہوگی تاکہ ہم آگے بڑھ سکیں۔