لڑکوں کی ماؤں کو بہو پتلی، لمبی اور گوری چاہیے، آمنہ ملک کی معاشرتی توقعات پر کڑی تنقید

 لڑکوں کی ماؤں کو بہو پتلی، لمبی اور گوری چاہیے، آمنہ ملک کی معاشرتی توقعات پر کڑی تنقید

لاہور : پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور میزبان آمنہ ملک نے شادی کے رشتے اور معاشرتی توقعات پر اہم گفتگو کی ہے۔ ایک پوڈکاسٹ میں بات کرتے ہوئے آمنہ ملک نے لڑکوں کی ماؤں کی جانب سے بہو کے بارے میں غیر حقیقت پسندانہ توقعات کا ذکر کیا، خاص طور پر یہ کہ وہ چاہتی ہیں کہ بہو پتلی، لمبی اور گوری ہو۔ اداکارہ نے سوال کیا کہ اگر شادی کے بعد لڑکی کا وزن بڑھ جائے تو کیا اسے چھوڑ دیا جائے گا؟ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کسی ایک انسان میں تمام مثالی خصوصیات کا ہونا ممکن نہیں۔

آمنہ ملک نے معاشرتی رویوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ آج کل لڑکیاں شادی سے پہلے زیادہ آزادی اور سہولتیں چاہتی ہیں، جس کی وجہ سے انہیں شادی کے بعد نئے گھر میں ایڈجسٹ ہونے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کل لڑکے اور لڑکیاں اپنے شریک حیات میں پرفیکشن کی تلاش کرتے ہیں، جو کہ ایک غیر حقیقت پسندانہ خواہش ہے، کیونکہ زندگی میں ہر چیز کا ملنا ممکن نہیں۔

اداکارہ نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ لڑکوں کی مائیں بیرون ملک تعلیم یافتہ لڑکیوں کے رشتہ تلاش کرتے وقت ان سے غیر ضروری سوالات پوچھتی ہیں، جیسے کہ "کیا آپ نے بیرون ملک تعلیم کے دوران کسی لڑکے سے تعلق رکھا تھا؟" آمنہ ملک نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے سوالات اور توقعات معاشرتی دباؤ کو جنم دیتے ہیں اور ان سے شادی کے رشتہ تلاش کرنے میں مشکلات پیدا ہوتی ہیں۔

مصنف کے بارے میں