پی ٹی اے کی رپورٹ: 2024 میں پاکستان میں موبائل انٹرنیٹ کی رفتار میں 28 فیصد اضافہ

پی ٹی اے کی رپورٹ: 2024 میں پاکستان میں موبائل انٹرنیٹ کی رفتار میں 28 فیصد اضافہ

اسلام آباد : پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے 2024 کی سالانہ رپورٹ جاری کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ اس سال ملک میں موبائل انٹرنیٹ کی رفتار میں 28 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، اوسط انٹرنیٹ کی رفتار 15.65 ایم بی پی ایس سے بڑھ کر 20.02 ایم بی پی ایس تک پہنچ گئی ہے۔

تاہم، انٹرنیٹ سروسز پر نظر رکھنے والے اداروں نے بتایا کہ رواں برس پاکستان میں انٹرنیٹ کی رفتار ماضی کے مقابلے میں سست رہی، خاص طور پر فروری میں ہونے والے انتخابات کے دوران کئی بار انٹرنیٹ کی سروس سست ہو گئی اور بعض اوقات موبائل سروسز مکمل طور پر بند بھی رہیں۔

پی ٹی اے کی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ مالی سال 2023-24 کے دوران ٹیلی کام شعبے کی آمدنی 955 ارب روپے رہی، اور اس دوران 2 کروڑ 96 لاکھ موبائل ڈیوائسز مقامی طور پر تیار کی گئیں۔ ملک میں موبائل سبسکرائبرز کی تعداد ستمبر 2024 تک 19 کروڑ 60 لاکھ تک پہنچ گئی، جب کہ براڈبینڈ صارفین کی تعداد 14 کروڑ 23 لاکھ ہو گئی۔

رپورٹ  میں مزید کہا گیا ہے کہ  پاکستان میں موبائل فون سروسز 91 فیصد اور 4G سروسز 81 فیصد آبادی تک پہنچ چکی ہیں۔ اس دوران، موبائل ڈیٹا کے استعمال میں 24.2 فیصد اضافہ اور براڈبینڈ تک رسائی 53.6 فیصد سے بڑھ کر 58.4 فیصد ہو گئی۔

مصنف کے بارے میں