لاہور : لاہور میں شدید دھند کی وجہ سے موٹر وے ایم ٹو اور ایم تھری کو ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق، موٹر وے ایم ٹو لاہور سے ہرن مینار تک اور موٹر وے ایم تھری لاہور سے جڑانوالہ تک بند کر دی گئی ہیں۔ یہ اقدام عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
موٹر وے پولیس کے ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات میں سفر کرنے کو ترجیح دیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اس کے علاوہ تیز رفتاری سے بچیں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھ کر چلیں تاکہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب لاہور آلودگی کے حوالے سے پاکستان کے تیسرے نمبر پر آ گیا ہے، جہاں سموگ کی اوسط شرح 255 ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 5 اور زیادہ سے زیادہ 19 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، البتہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 85 فیصد تک جا پہنچا ہے اور ہوا کی رفتار 8 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔