پاکستان نے امریکی پابندیوں کو متعصبانہ قرار دے دیا

10:39 AM, 19 Dec, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : پاکستان نے امریکا کی جانب سے عائد کی گئی پابندیوں کو متعصبانہ اور غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے اس پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ نجی تجارتی کمپنیوں پر امریکی پابندیاں افسوسناک ہیں اور ان سے خطے کے سٹریٹیجک استحکام پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا نے ماضی میں بھی بغیر کسی ثبوت کے صرف شک و شبے کی بنیاد پر پابندیاں عائد کیں۔ ممتاز زہرا بلوچ کے مطابق امریکا نے دوسرے ممالک کو جدید فوجی ٹیکنالوجی فراہم کی، جس سے ایٹمی ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے مقصد کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سٹریٹجک صلاحیتوں کا مقصد صرف اور صرف اپنی خودمختاری کا دفاع ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو برقرار رکھنا چاہتا ہے اور اس کا میزائل پروگرام خطے میں طاقت کے توازن اور استحکام کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹریٹیجک پروگرام پر پاکستانی عوام کی تقدس کی حفاظت کی جائے گی اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

مزیدخبریں