واشنگٹن: امریکا نے پاکستان کے چار اداروں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں جن پر الزام ہے کہ انہوں نے پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام کی ترقی میں مدد فراہم کی۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے ایک پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ ان اداروں نے بیلسٹک میزائلوں کی لانچنگ کے لیے استعمال ہونے والی خصوصی وہیکل چیسز تیار کرنے میں مدد کی۔
پابندی کا شکار ہونے والے اداروں میں اسلام آباد کا نیشنل ڈیولپمنٹ کمپلیکس اور کراچی میں تین ادارے، اختر اینڈ سن، ایفیلی ایٹس انٹرنیشنل، اور روک سائیڈ انٹرپرائیزز شامل ہیں۔ امریکی ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکا تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں اور ان کی ترسیل کے ذرائع پر کارروائی کرے گا۔
یہ پابندیاں امریکا کی جانب سے پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام کے حوالے سے کی جانے والی کارروائیوں کا حصہ ہیں، جس کا مقصد تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی روک تھام ہے۔