عمران خان نے کہا دوسری جماعتوں میں جانے والوں کیلئے دروازے ہمیشہ کیلئے بند، ورکرز کنونشن میں شرکت نہ کرنے والوں کو ٹکٹ نہیں ملے گا: شیر افضل مروت 

06:04 PM, 19 Dec, 2023

نیوویب ڈیسک

راولپنڈی : پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ موجودہ چیف الیکشن کمشنر کے ہوتے ہوئے الیکشن صاف و شفاف نہیں ہو سکتے۔ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے پاس آج کاغذات نامزدگی لے کر گیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ الیکشن میں حصہ لینے کیلئے پارٹی ورکرز کو ترجیح دی جائے گی۔ بانی چیئرمین کے پاس آج لے جائے گئے سارے کاغذات پہلے جیل انتظامیہ نے سکین کیئے ہیں ۔ 

بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہر افضل مروت کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سے جو لوگ دوسری پارٹیوں میں گئے ہیں ان کے حوالے سے بانی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ان کیلئے ہمارے راستے ہمیشہ کیلئے بند ہیں۔ بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات میں جیل انتظامیہ رکاوٹیں ڈال رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ  جیل انتظامیہ کے رویے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کریں گے۔ الیکشن سر پر ہیں ایک گھنٹہ کی ملاقات میں سارے معاملات پر گفتگو نہیں ہوتی دورانیہ بڑھانے سے متعلق بھی اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے۔ بلوچستان میں ورکرز کنونشن پر بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے خوشی کا اظہار کیا۔ جس ادارے نے الیکشن کرانے ہیں وہ ہی اگر متنازعہ ہو تو الیکشن کیسے شفاف ہوں۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ  بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ہے جن لوگوں نے ورکرز کنونشن میں حصہ نہیں لیا ان کو ٹکٹ نہیں ملے گا۔ ایک صحافی نے سوال کیا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی تو پی ٹی آئی کے دور حکومت میں ہوئی تھی تو اب عدم اعتماد کیوں؟جس پر شیر افضل مروت نے جواب دیا کہ ویسے تو جنرل باجوہ کی تعیناتی بھی نواز شریف کے دور حکومت میں ہوئی تھی۔

مزیدخبریں