پنجاب اسمبلی کو بچانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے: آصف زرداری

11:13 PM, 19 Dec, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماءاور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کو بچانے کی جہدوجہد جاری رکھیں گے، جمہوری استحکام اور پارلیمان کی بالادستی کی خاطر ہر قربانی کیلئے تیار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں آصف علی زرداری کی زیرصدارت بلاول ہاؤس میں پیپلزپارٹی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کااجلاس ہوا جس میں پنجاب کی سیاسی صورت حال کا جائزہ لیا گیا جبکہ شرکاءنے آصف زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
آصف علی زرداری نے اجلاس میں پارلیمانی پارٹی کو وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں پر اعتماد میں لیا۔ 
سابق صدر کا کہنا تھا کہ آنے والا وقت انارکی اور انتشار کی سیاست کرنے والی قوتوں کا متحمل نہیں ہو سکتا، پیپلزپارٹی آئین کی بالادستی اور پارلیمان کی بقا تک جہدوجہد جاری رکھے گی۔ 
واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی کی اپوزیشن جماعتوں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی، سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان اور ڈپٹی سپیکر واثق قیوم کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی ہے۔ 
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے میاں مرغوب، خلیل طاہر سندھو، خواجہ عمران نذیر نے تحریک عدم اعتماد جمع کرائی جبکہ پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ بھی (ن) لیگ کے ہمراہ تھے۔ 
دوسری جانب گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع ہونے کے بعد انہیں اعتماد کا ووٹ لینے کی ہدایت بھی کر دی ہے اور اس مقصد کیلئے ایک مراسلے کے ذریعے بدھ شام 4 بجے پنجاب اسمبلی کا اجلاس بھی طلب کر لیا ہے۔ 
وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ گورنر پنجاب کی جانب سے وزیراعلیٰ کو اعتمادکا ووٹ لینے کا کہاگیا ہے، ہم انتخابات کیلئے بھی تیار ہیں لیکن ہم چاہتے ہیں اسمبلیاں مدت پوری کریں۔ 

مزیدخبریں