وزیراعلیٰ پنجاب، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع

10:10 PM, 19 Dec, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی ، اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان اور ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی ۔

ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے ارکان نے پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں تینوں کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی ۔ سیکرٹری اسمبلی عنایت اللہ لک نے رات 9 کے بعد تحریک عدم اعتماد کی تحریک وصول کی تاہم اسپیکر پنجاب اسمبلی عدم اعتماد جمع ہونے سے لاعلم تھے ۔ اسمبلی سیکرٹریٹ کا کہنا تھا کہ سیکرٹری اسمبلی رات دیر تک آفس میں کام کرتے ہیں ۔

پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ ہم نے وزیراعلیٰ ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پارلیمان کو بچانے اور پارلیمان کی بالادستی کی جدوجہد کر رہے ہیں ، ہمارے پاس نمبرز پورے ہیں اور 186 نمبرز حکومت کو دکھانے پڑیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری ممکنات کے کھلاڑی ہیں وہ جسے چاہیں گے وہ اگلا وزیراعلیٰ آئے گا ۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے 23 دسمبر کو پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیاں توڑنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

مزیدخبریں