لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے قیام پاکستان سے اب تک توشہ خانے سے لئے گئے تمام تحائف کی تفصیلات طلب کر لی ہیں اور کیس کی آئندہ سماعت 16 جنوری کو ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عاصم حفیظ نے شہری منیر احمد کی درخواست پر سماعت کی جس دوران وفاقی حکومت کے وکیل نے درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ توشہ خانے کے تحائف خفیہ معلومات ہیں، تفصیلات فراہم نہیں کی جا سکتیں۔
اس پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ توشہ خانے سے تحفے خرید کر ٹیکس ریٹرنز میں ظاہر کرنا پڑتا ہے، جب ٹیکس ریٹرنز میں تحفہ ظاہر ہو گیا تو پھر خفیہ کیسے رہ گیا لہٰذا تفصیلات پیش کریں، معلومات خفیہ ہیں یا نہیں، یہ عدالت طے کرے گی۔ کیس کی آئندہ سماعت 16 جنوری کو ہو گی۔
واضح رہے کہ درخواست گزار نے موقف اختیار کر رکھا ہے کہ توشہ خانہ سے کن کن شخصیات نے کتنے تحائف لئے اور کیا ادائیگیاں کیں، ان کی تفصیل دستیاب نہیں لہٰذا استدعا ہے کہ 1947 سے اب تک توشہ خانہ سے کس نے کتنے تحائف حاصل کیے؟ تفصیلات فراہم کی جائیں۔