اسلام آباد:اسلامی ترقیاتی بینک نے افغان عوام کی مدد کے لیے خصوصی اکاونٹ کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ہہ بات اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ نے وزرائے خارجہ کے منعقدہ غیر معمولی اجلاس کے اختتام پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔
انہوں نے کہا کہ افغان عوام گزشتہ 40 سال سے مصائب کا شکار ہیں اور او آئی سی کے وزرائے خارجہ کے غیرمعمولی اجلاس میں دنیا بھر کے نمائندگان نے شرکت کی۔ سیکریٹری جنرل او آئی سی نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی ترقیاتی بینک نے افغان باشندوں کے لیے خاص اکاونٹ اوپن کیا ہے۔ افغان باشندوں کی مدد کے لیے سعودی عرب اور پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔
او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ موسم سرما کی وجہ سے افغان عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے اور افغان عوام کی مدد کے لیے اپنے عزم کو ایک بار پھر دہراتے ہیں۔
اس سے قبل اسلام آباد میں اوآئی سی کی وزرائےخارجہ کونسل کے سترویں غیرمعمولی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل او آئی سی نے کہا کہ افغانستان کے مسئلے پر اجلاس بلانا خوش آئند ہے،اجلاس کے انعقاد اور بہترین انتظامات قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے بہترین انتظامات اور والہانہ استقبال پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
حسین ابراہیم طحہٰ نے کہا کہ اجلاس بلا کر پاکستان نے افغان بحران کےحل کے لیے عزم کا اعادہ کیا، افغانستان کی علاقائی سالمیت کو یقینی بنا نا ہوگا۔ انکا مزید کہنا تھا کہ افغانستان کی بدلتی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ سیکرٹری جنرل او آئی سی نے کہا کہ افغان عوام کو انسانی بنیادوں پر مدد کی ضروت ہے، عالمی برادری کو افغانستان کی مدد کرنے کی ضرورت ہے۔