ملالہ یوسفزئی نے شوہر کو داڑھی کٹوانے پر گھر نہ آنے کی وارننگ دیدی

04:00 PM, 19 Dec, 2021

لندن: ملالہ یوسفزئی نے سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں شوہر کو داڑھی کٹوانے پر گھر نہ آنے کی وارننگ دے دی۔

نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی اور ان کے شوہر عصر ملک کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہے جس میں دونوں کھیل کھیلتے نظر آرہے ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں باری باری مستقبل کےکسی پلان سے متعلق سوال پوچھ کر ایک گلاس کی جانب پین اچھال دیتے ہیں ۔ پین گلاس کے اندر گرنے کا مطلب ہاں اور باہر گرنے کا مطلب نہیں ہے۔

سب سے پہلے ملالہ یوسفزئی کہتی ہیں کیا مجھے جم جانا چاہیے جس پر ان کا نشانہ چوک جاتا ہے۔ اس کے بعد ان کے شوہر عصر ملک کہتے ہیں کہ کیا ہمیں پلے اسٹیشن خریدنا چاہیے اور اس پر ان کا بھی نشانہ چوک جاتا۔

 دوسری باری پر ملالہ یوسفزئی کہتی ہیں کہ کیا عصر ملک کوداڑھی صاف کر لینی چاہیے اور نشانہ لگائے بغیر ہی پین کو باہر پھینک دیتی ہیں اور شوہر کو کہتی ہیں انہیں داڑھی کٹوانے کی اجازت نہیں اگر وہ ایسا کریں گے تو انہیں گھر چھوڑنا پڑے گا۔

جواب میں عصر ملک ملالہ کی  جنوری  میں شاپنگ کرنے سے متعلق پلان پوچھتے ہیں اور یہ نشانہ بھی چوک جاتا ہے۔ ملالہ کا اگلا سوال ہے کہ کیا مجھے حسن منہاج کو انسٹاگرام پر ان فالو کر دینا چاہیے؟  پھر ان کے شوہر کہتے ہیں کیا مجھے حسن منہاج کو فالو کرنا چاہیے؟ اس سوال پر دونوں کا نشانہ نہیں لگتا۔ حسن  منہاج امریکی کامیڈین اور اداکار ہیں۔

آخر میں ملالہ کہتی ہیں ۔ یہ بہت اہم ہے، جو لوگ یہ ویڈیو دیکھ رہے ہیں کیا انہیں اور حسن منہاج کو لڑکیوں کی تعلیم کے لیے ملالہ فنڈ میں حصہ ڈالنا چاہیے، یہ کہہ کر ملالہ نشانہ لگانے کی بجائے اٹھ کر پین گلاس میں ڈال دیتی ہیں۔

ملالہ یوسفزئی نے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی اس ویڈیو کولائیک بھی کیا ہے۔

مزیدخبریں