نیو یارک: اقوام متحدہ نے تصدیق کی ہے کہ ان کے فوجی مبصر گروپ کی گاڑی کو ایل او سی پر راولا کوٹ کے قریب نا معلوم چیز کی زد میں آنے سے نقصان پہنچا ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق بریفنگ کے دوران یو این سیکرٹری جنرل کے نائب ترجمان فرحان حق نے کہا کہ اقوام متحدہ کا مشن فی الحال واقعے کی تحقیقات کر رہا ہے اور ہمارے پاس دستیاب تفصیلات کے مطابق اس واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا تاہم اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کی گاڑی کو نقصان پہنچا ہے۔
اس موقع پر جب بھارتی صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ ہم دونوں فریقین کے بیانات سے باخوبی واقف ہیں لیکن اس مرحلے پر ہم صرف اتنا جانتے ہیں کہ گاڑی سے کوئی نامعلوم چیز ٹکرائی تھی جیسے میں نے کہا تھا کہ اس واقعے میں کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور مزید ہم واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
ان کا بریفنگ کے دوران مزید کہنا تھا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اقوام متحدہ کا فوجی مبصر گروپ اپنے مینڈٰیٹ کے تحت جموں و کشمیر میں کنڑول لائن میں سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کے مشاہدے اور اس کی رپوٹ کے حوالے سے راولا کوٹ کے قریب معمول کی نگرانی کی سرگرمیاں انجام دے رہا تھا۔