اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتوں کی غفلت کی وجہ سے آج پاکستان سنگین سماجی و معاشی مشکلات کا شکار ہے، موجودہ حکومت کی حالیہ کاوشوں سے بیرونی سرمایہ کار اور معروف غیر ملکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کررہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ، بہاولپور ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقا ت کی، ملاقات میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق اور قومی اسمبلی میں چیف وہپ ملک محمد عامر ڈوگر بھی موجود تھے۔
ممبران اسمبلی نے وزیراعظم کی جنوبی پنجاب میں خصوصی دلچسپی پر شکریہ ادا کیا۔ ممبران نے وزیراعظم کو اپنے حلقوں میں عوامی مسائل ، ترقیاتی منصوبوں ،کسانوں کو درپیش مسائل ، تعلیم اور صحت کی صورتحال ، پانی کے مسئلے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کی فراہمی کے حوالے سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں گورننس کی ناکامی، میرٹ کی نظر اندازی اور وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم کی وجہ سے جنوبی پنجاب پسماندگی کا شکار ہوا۔ موجودہ حکومت جنوبی پنجاب کی محرومیاں دور کرے گی، کسانوں کے حقو ق کا تحفظ کیا جائے گا ، تعلیم اور صحت عامہ کی سہولیات یقینی بنائی جائیں گی۔ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے ساتھ ساتھ روزگار کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی۔
وزیراعظم نے جنوبی پنجاب میں پانی کے مسئلے، خاص طور پر عوام کو صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے مرکزی اورصوبائی حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ممبران اپنے حلقوں میں عام آدمی سے مستقل رابطے میں رہیں تاکہ ان کے مسائل فوری طور پر حل ہوسکیں۔
ممبران قومی اسمبلی نے وزیراعظم کی طرف سے ڈ ویژنل سطح پر ممبران اسمبلی کی کمیٹی کے قیام کا خیر مقدم کیا۔ کمیٹی ضلعی سطح پر مقامی مسائل کا حل مقامی قیادت کی مشاورت اور عوام کی امنگوں کے مطابق صوبائی حکومت کی نگرانی میں یقینی بنائے گی۔
وزیراعظم نے کہاکہ حکومت نچلی سطح پر عوام کو با اختیار بنانے کے لیے پر عزم ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی غفلت کی وجہ سے آج پاکستان سنگین سماجی و معاشی مشکلات کا شکار ہے۔ موجودہ حکومت کی حالیہ کوششوں سے آج بیرونی سرمایہ کار اور معروف غیر ملکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کررہی ہیں۔ انشااللہ آنے والا وقت سماجی طور پر خوشحال اور معاشی طور پر مستحکم پاکستان کا وقت ہے۔
یاد رکھے کہ ملاقات کرنےوالو ں میں ممبران قومی اسمبلی میں محمد عبدالغفار وٹو ، محمد فاروق اعظم خان ، مخدوم سید سمیع الحسن گیلانی ,سید مبین احمد اور چوہدری جاوید اقبال شامل تھے۔