اسلام آباد: حکومت نے ایک اور منی بجٹ لانے پر غور شروع کر دیا۔ اسد عمر کا کہنا ہے کئی مصنوعات پر ٹیکس اور ٹیرف میں اضافے کی تجویز ہے، ابھی مختلف تجاویز زیر غور ہیں لیکن کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔
وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا آئی ایم ایف کے پاس جانا افسوس ناک ہے اور ان شاء اللہ یہ پاکستان کا آخری آئی ایم ایف پروگرام ہو گا کیونکہ عمران خان کا آئی ایم ایف کے پاس نہ جانے کا بیان 2014 کا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نے الیکشن سے پہلے ٹی وی شو میں کہا تھا کہ آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑ سکتا ہے۔ اسٹاک مارکیٹ میں 5 ماہ کے دوران 5000 پوائنٹ کی کمی ہوئی، امریکا، بھارت اور چین سمیت دیگر اسٹاک مارکیٹس بھی گریں۔
اسد عمر کا مزید کہنا تھا سعودی عرب سے آئل فیسلیٹی جنوری سے شروع ہو جائے گی اور سعودی عرب سے اگلے 3 سال ماہانہ 27 کروڑ ڈالرز کا تیل ادھار ملے گا۔ سعودی عرب سے قرض کی مجموعی رقم 6 ارب ڈالرز ہو گی۔ انہوں نے کہا متحدہ عرب امارات سے مذاکرات بھی آخری مراحل میں ہیں۔ یو اے ای سے چند دنوں میں معاملات طے پا جائیں گے۔