جدہ : پاکستانی قونصلیٹ کے ترجمان ارشد منیر نے سعودی شہریوں کی وزٹ فیس حوالے سے کہا ہے کہ پاکستانی حکومت کی جانب سے سعودی شہریوں کے لیئے جاری کیے جانے والے وزٹ ویزوں کی فیس میں کمی کر دی گئی ہے ۔
ان کا کہناتھا کہ نئی ویزا فیس کے مطابق عام شہریوں کو ساٹھ ڈالر جبکہ تجارتی مقاصد کے لیے جانے والوں کو 90ڈالر ویزا فیس ادا کرنا ہوگی ۔پاکستانی وزارت خارجہ کی جانب سے موصول ہونے والی اطلاع میں کہا گیا ہے کہ پاکستان آنے والے سعودی شہریوں کے لیے ویزا فیس کم کر دی جائے جس کی سفارش پاکستان قونصلیٹ نے کی تھی ۔جس کے بعد پاکستانی حکومت نے قونصلیٹ کی جانب سے بھیجی گئی درخواست پر فوری طور پر عمل کرتے ہوئے ویزا فیس میں کمی کرنے کے احکامات جاری کیے ۔
اس سے قبل عام سعودی شہریوں کے لیے پاکستان ویزٹ ویزے کی فیس عام شہریوں کے لیے 3600ریال جبکہ بزنس وزٹ ویزے کی فیس 5000ہزار ریال تھی ۔جسے کم کرکے عام شہریوں کے لیئے 225ریال جبکہ تجارتی مقاصد کے لیے پاکستان آنے والوں کے لیے 337ریال رکھی گئی ہے ۔
واضح رہے کہ پاکستانیوں پر سعودی عرب کے ویزے کی فیس 2000ریال ہے جس کو کم کرنے کے حوالے سے ابھی تک سعودی حکومت کی طرف سے باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ۔اس وقت بھارت سمیت متعدد ممالک کے شہریوں کے لیے سعودی عرب کے وزٹ ویزے کی فیس 350ریال رکھی گئی ہے ۔
اور پاکستانی حکومت کی طرف سے کیے گئے اقداما ت کے بعد اب خیال کیا جا رہاہے کہ پاکستانیوں کے لیے فیس کمی کے متعلق مستقبل قریب میں اچھی خبر سننے کو ملی گی ۔