لاہور: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن بسنت منانے کے حکومتی فیصلے کیخلاف بھرپور طریقے سے میدان میں آگئی۔ اپوزیشن نے اس فیصلے کیخلاف اسمبلی میں قرار داد جمع کروا دی ۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی رکن حنا پرویز بٹ نے بسنت پر عائد پابندی ختم کرنے کے حکومتی فیصلے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرائی ۔ قرارداد میں موقف اختیار کیا گیا کہ پنجاب حکومت نے بسنت منانے کا غیر دانشمندانہ فیصلہ کیا ہے، سپریم کورٹ آف پاکستان نے 2005میں بسنت پر مکمل پابندی عائد کی تھی، جبکہ پنجاب حکومت نے2009 میں بسنت کیخلاف باقاعدہ قانون پاس کیا تھا۔
قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان ترقی یافتہ ممالک میں 150 ویں نمبر پر ہے، حکومت بسنت منانے کی بجائے ملک کی معاشی صورتحال پر توجہ دے۔ حکومت نے اپنے طور پر بسنت منانے کا فیصلہ کر کے توہین عدالت کی ہے۔ پتنگ بازی کی وجہ سے اب تک ہزاروں جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔بسنت اب کھیل نہیں بلکہ انسانی زندگیوں کے خاتمے کا باعث بن چکی ہے لہٰذایہ ایوان پر زور مطالبہ کرتا ہے کہ بسنت پر پابندی برقرار رکھی جائے۔