پرتھ : ایشز میں فیصلہ کُن برتری حاصل کرنے کے بعد کینگروز قائد سٹیو اسمتھ نے گوروں کو کلین سویپ کرنے کے سپنے آنکھوں میں سجالئے .آسٹریلوی قائد کا کہنا تھا کہ ہمارے ٹیم اس وقت اچھے ردھم میں ہے اور انگلش ٹیم کو کلین سویپ کرنے میں کوئی دشواری نہیں ہو نے چاہیئے۔
تفصیلات کے مطابق پرتھ ٹیسٹ میں انگلش ٹیم کو ایک اننگز اور 41 رنز سے شکست دے کر ایشز کی تاریخی ٹرافی اپنے نام کرنے والی آسٹریلوی ٹیم کے کپتان سٹیو اسمتھ نے انگلینڈ کے خلاف کلین سویپ کرنے کی خواہش کا اظہار کر دیا۔
پرتھ ٹیسٹ کے بعد ایک انٹر ویو میں کینگروز قائد کا کہنا تھا کہ بطور کپتان ایشز جیتنا ان کی زندگی کا یاد گار لمحہ ہے ، انگلش ٹیم کے خلاف کامیابی بہترین ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔اسٹیو اسمتھ کا کہنا تھا کہ آسٹریلین ٹیم اس وقت جس قسم کی فارم میں ہے اس کو دیکھتے ہوئےانگلش ٹیم کے خلاف کلین سویپ کامیابی پر کسی کو حیرت نہیں ہو نی چاہئے۔کینگروز نے 2013اور2014 کی آسٹریلیا میں ہونےوالی ایشز میں بھی انگلش ٹیم کو کلین سویپ کیا تھا ،دونوں ٹیموں کے درمیان چوتھا ٹیسٹ 26دسمبر سے میلبورن میں شروع ہو گا۔آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن کے علاوہ اسٹیو اسمتھ کیرئیر کی مجموعی رینکنگ میں 945 پوائنٹس کے ساتھ سر ڈان بریڈ مین کے بعد دوسرے نمبر پر آگئے ہیں.