نیویارک: د نیا بھر میں کینسر ایک موذی بیماری سمجھی جاتی ہے اور کینسروں کی اقسام میں پھیپھڑوں کا کینسر سب سے خطرناک تصور کیا جاتا ہے۔ہر سال 12لاکھ لوگ پھیپھڑوں کے کینسر کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں اورسب سے بڑی وجہ اس بیماری کی دیر سے تشخیص ہے ،جب اس بیماری کا پتہ لگتا ے تب تک بہت دیر ہوچکی ہوتی ہے۔ حال ہی میں کی گئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ تازہ لہسن استعمال کرنے سے پھیپھڑوں کے کینسر کے خطرے کو کم کیا جاسکتا ہے اور سگریٹ نوش افراد بھی اس سے بچ سکتے ہیں۔Cancer Prevention Researchجرنل میں شائع ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ لہسن پھیپھڑوںکے لئے انتہائی مفید ہے۔ تحقیق کاروں نے پھیپھڑوں کے کینسر کا شکار افراد اور صحت مندافراد کا موازنہ کیا ۔ہر فرد سے اس کی روزانہ کی کھانے پینے کی روٹین کے بارے میں پوچھا گیا اور ساتھ ہی لہسن اور سگریٹ کے استعمال کی تفصیلات بھی لی گئیں۔
انہوں نے دیکھا کہ جو لوگ تازہ لہسن اپنی خوراک میں ہفتے میں کم از کم دو بار استعمال کرتے رہے ان میں پھیپھڑوں کے کینسر کے امکانات44فیصد کم تھے اور جو لوگ سگریٹ پیتے تھے اور ساتھ لہسن بھی کھاتے تھے ان میں یہ تناسب30فیصد تھا۔ماضی کی تحقیقات میں یہ دیکھا گیا ہے کہ لہسن میں پایا جانے والی ایلی سین نسانی جسم کے لئے بہت مفید ہے اور جب لہسن کو کوٹا یا کاٹا جاتا ہے تو اس کی وجہ سے فری ریڈیکل بنتے ہیں جو کہ کافی مفید ہوتے ہیں۔ اس مرکب کی وجہ سے جسم میں سوزش کم ہوتی ہے اور انفیکشنز کنٹرول میں رہتی ہیں۔