اسلام آباد: صدر مملکت ممنو ن حسین نے کہا ہے کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری اور گوادر پورٹ میں خدمات کیلیے بلوچستان کے نوجوانوں کی تربیت کی جائے۔انھوں نے کہا کہ ہنر مند افراد کی تربیت قومی خدمت ہے۔
صدر مملکت نے یہ بات ایوان صدر میں نیوٹیک کے زیراہتمام تربیت پانے والے ہنر مند نوجوانوں کو اعزازات کی تقسیم کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔تقریب میں وزیرمملکت برائے تعلیم و فنی تربیت انجینئر بلیغ الرحمن، ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیوٹیک ذوالفقار چیمہ اور معزز مہمانوں کی ایک بڑی تعداد شریک تھی۔ صدرمملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ تکنیکی تربیت نوجوانوں کوذریعہ معاش حصول کیلئے ضروری ہے تاکہ وہ معاشرے کا فعال شہری بن سکیں۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے کے ہر طبقے کی ذمہ داری ہے کہ فنی تربیت کیپروگراموں کو کامیاب بنانے کیلئے نیوٹیک کی حوصلہ افزائی کریں۔ صدرمملکت نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری اور گوادر پورٹ میں خدمات کیلئے بلوچستان کے نوجوانوں کی تربیت کی جائے تاکہ مقامی نوجوان روزگار کے مواقعوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کر سکیں۔ انہوں نے گہرے سمندر کی بندرگاہوں کی فعالیت اور اقتصادی راہداری کی تکمیل کے بعد روزگار کے بے پناہ مواقع ہوں گے جس کے لیے نوجوانوں کو پہلے سے تیار رہنا چاہیے۔
صدر مملکت نے کہا کہ نوجوانوں کی فنی تربیت ایک قومی خدمت ہے ۔ انھوں نے کہا کہ شپنگ صنعت اور متعلقہ شعبوں میں کام کرنے کیلئے نوجوانوں کے لیے نیوٹیک ایسے پروگرام مرتب کرے جس سے نوجوانوں کو فائدہ پہنچے ۔ صدر مملکت نیاطمینان کا اظہار کیا کہ ہنر مند افرادی قوت اور کاروبار اور روزگار فراہم کرنے صنعتی اداروں کے درمیان نیوٹیک رابطہ کے طور پربہترین کام سر انجام دے رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ نوجوانوں کی سہولیات کیلئے کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں سنٹر قائم کئے گئے جہاں سے کاروباری اور صنعتی شعبہ متعلقہ شعبوں میں ہنر مند افرادی قوت لے سکتے ہیں۔
صدر مملکت نے پیشہ ورانہ تربیت کے پروگرام کے دائرہ کار اور معیار کو بڑھانے کے لئے مختلف تربیتی پروگرام اور بین الاقوامی کانفرنسوں کے انعقاد کو سراہا اور امید کا اظہار کیا کہ اس سلسلے میں ایک جامع پروگرام مرتب کیا جائے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا ایک عظیم اثاثہ ہیں ۔ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں لہذا ان کی تربیت کے کے تما م وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت پچیس ہزار نوجوانوں کی تربیت مکمل کر لی ہے جو کامیابی کی طرف ایک اچھا قدم ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت، صنعتکار اور دیگر شعبے اگر پیشہ ورانہ تربیت کے شعبے کو ترجیح دیں تو اسے قوم کی تقدیر بدل سکتی ہے۔