کروشیا میں 62پاکستانی وافغانی غیرقانونی تارکین وطن گرفتار

11:51 AM, 19 Dec, 2016

زیگرب :کروشیا کی پولیس نے مشرقی یورپ میں بلقان خطے سے گزرنے والے روٹ پر 62پاکستانی وافغانی غیرقانونی تارکین وطن کو گرفتارکرلیاجن میں سے کئی کو فوری طبی امداد کی ضرورت تھی۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کروشیا کی پولیس نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب کارروائی کرتے ہوئے پاکستان اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے باسٹھ تارکین وطن کو حراست میں لے لیا۔
یہ مہاجرین ایک وین میں سفر کر رہے تھے اور جس وقت پولیس نے انہیں روکا، اس وقت ان میں سے نصف سے زائد کو فوری طبی امداد درکار تھی۔سربیا کے دارالحکومت بلغراد کو کروشیا کے دارالحکومت زغرب سے ملانے والی شاہراہ پر گشت کرنے والے پولیس اہلکاروں نے گنجائش سے زیادہ لدی ہوئی اس وین کو دیکھا، جس میں سے دھواں نکل رہا تھا۔
یہ واقعہ زغرب سے 120 کلومیٹر کے فاصلے پر پیش آیا۔ گاڑی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ گاڑی پر سوار افراد میں سے بیالیس کو طبی امداد فراہم کی گئی کیونکہ دھوئیں میں سانس لینے اور سرد موسم کے سبب ان کی طبیعت بگڑ گئی تھی۔

مزیدخبریں