شرمین عبید چنائے کے لیے ایک اور بڑا اعزاز

10:42 AM, 19 Dec, 2016

نیویارک :آسکر ایوارڈ یافتہ پاکستانی فلمساز شرمین عبید چنائے کی دستاویزی فلم ” اے گرل ان دی ریور : دی پرائس آف فورگیونس“ نے”الفریڈ آئی ڈو پونٹ کولمبیا یونیورسٹی ایوارڈ“ جیت لیا۔غیرت کے نام پر قتل کے حوالے سے تیار کردہ ڈاکو مینٹری” اے گرل ان دی ریور : دی پرائس آف فورگیونس“ اس سے قبل آسکر ایوارڈ بھی اپنے نام کرچکی ہے۔
شرمین عبید چنائے مجموعی طور پر دو آسکر ایوارڈ اپنے نام کرچکی ہیں اس سے قبل انہوں نے 2012 میں اپنی دستاویزی فلم ”سیونگ فیس“ پر پاکستان کے لیے پہلا آسکر ایوارڈ جیتا تھا۔“اے گرل ان دی ریور : دی پرائس آف فورگیونس“ایک ایسی لڑکی کی کہانی ہے جسے غیرت کے نام پر قتل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے تاہم وہ بچ نکلنے میں کامیاب ہوجاتی ہے۔
ڈوپونٹ کولمبیا ایوارڈ کو براڈکاسٹنگ کے شعبے میں پولیٹزر پرائس کا درجہ حاصل ہے اور شرمین عبید چنائے 2010 میں اپنی ڈاکیومینٹری 'چلڈرن آف دی طالبان' کے لیے یہ ایوارڈ جیت چکی ہیں,کامیاب ہونے والے افراد کو ایوارڈز دینے کی تقریب 25 جنوری 2017 کو لو میموریل لائبریری میں ہوگی اور یہ الفریڈ ڈو پونٹ ایوارڈ کی 75 ویں تقریب ہوگی-

مزیدخبریں