لندن: فیس بک نے اپنے ڈیسک ٹاپ ورژن کے لیے گروپ وائس کالنگ کا فیچر متعارف کرا کے براہ راست اسکائپ پر حملہ کیا ہے۔
فیس بک کے موبائل میسنجر میں تو یہ فیچر اپریل سے موجود ہے مگر اب وہ اسے لوگوں کے گھروں اور دفاتر میں موجود ڈیسک ٹاپ ورژن کے لیے بھی متعارف کرا رہی ہے۔
ایک طرح سے وہ اسکائپ کے روایتی کانفرنس کالز کو اپنی ویب سائٹ میں پیش کررہی ہے جو کہ مائیکروسافٹ کی ایپ کے لیے بہت بڑا خطرہ ہے۔
فیس بک نے بھی اس کی تصدیق کی ہے کہ اس فیچر کو آزمایا جارہا ہے اور جن لوگوں تک اس کی رسائی ہے وہ گروپ چیٹس پر فون کا آئیکون کلک کرکے گروپ ممبرز کو کال میں شامل ہونے کی دعوت دے سکتے ہیں۔
یہ فیچر اسکائپ اور دیگر ایپس میں تو موجود ہے مگر فیس بک جیسے پلیٹ فارم جسے اکثر رشتے دار اور دوست استعمال کرتے ہیں، اس کی کامیابی کا امکان زیادہ ہے۔
فیس بک پہلے بھی اس طرح کے ارادوں کا اظہار کرچکی ہے کہ وہ موبائل فون یا یوں کہہ لیں کہ سم کارڈز کو ختم کرنے کی خواہشمند ہے اور اپنی ایپس کو اس کا متبادل بنانی چاہتی ہے۔
ایسی بھی رپورٹس ہیں کہ فیس بک میسنجر پر گروپ ویڈیو چیٹ فیچر کو بھی متعارف کرایا جاسکتا ہے مگر ایسا کب ہوگا ابھی اسے بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا۔