موٹاپے سے بچاﺅ کے لیے 10 بہترین غذائیں

07:23 AM, 19 Dec, 2016

موٹاپا کس کو پسند ہوتا ہے ؟ یہ نہ صرف ظاہری شخصیت کو تباہ کردیتا ہے بلکہ یہ امراض کی جڑ بھی ثابت ہوتا ہے کیونکہ اس سے ذیابیطس، بلڈپریشر، امراض قلب اور فالج غرض کہ لاتعداد بیماریوں کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔

اور یہ تو سب کو ہی معلوم ہے کہ موٹاپا اب ایک عالمی وباءبن چکا ہے مگر وزن میں کمی کا کوئی جادوئی حل نہیں بلکہ طرز زندگی میں تبدیلی ہی سے آپ اپنی شخصیت میں جادوئی تبدیلی لاسکتے ہیں۔

تاہم کیا آپ کے خیال میں کم کھانا ہی جسمانی وزن کم کرنے کا بہترین طریقہ ہے ؟ تو ایسا بالکل نہیں درحقیقت اپنی پلیٹوں کو پھلوں، سبزیوں، نٹس اور دیگر سے بھر کر آپ چربی گھلانے کا عمل زیادہ تیز کرسکتے ہیں۔

ایسی ہی غذاﺅں کے بارے میں جانے جن کا استعمال آپ کو موٹاپے سے بچاﺅ یا جسمانی وزن میں کمی میں مدد فراہم کرتا ہے۔

دہی
اگر تو آپ جسمانی وزن میں کمی لانا چاہتے ہیں تو ناشتے سے اس کا آغاز کریں، ایک تحقیق کے مطابق ناشتے میں کچھ مقدار میں دہی کا روزانہ استعمال جسمانی وزن میں کمی کے لیے موثر ثابت ہوتا ہے، جس کی وجہ ممکنہ طور پر دہی میں موجود صحت کے لیے فائدہ مند بیکٹریا ہے جو کہ معدے میں جاکر وزن میں اضافے سے تحفظ دیتا ہے، دہی سے فائدے کے لیے سادہ اور چینی کے بغیر دہی تک محدود رہیں۔

بیریز
اگر تو آپ کچھ میٹھا کھانا چاہتے ہیں تو کچھ مقدار میں اسٹرابریز اور بلیو بیریز کا استعمال عادت بنالیں، یہ پھل اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور ہوتے ہیں اور ایک تحقیق کے مطابق جو لوگ فلیونوئڈز سے بھرپور غذا کا استعمال کرتے ہیں ان میں جسمانی وزن بڑھنے کا امکان بہت کم ہوتا ہے اور یہ دونوں پھل اس جز سے بھرپور ہوتے ہیں۔

گوبھی
گزشتہ سال کیایک تحقیق کے مطابق نشاستہ سے پاک سبزیوں کا استعمال جسمانی وزن میں کمی لانے کا باعث بنتا ہے، اور ان سبزیوں میں گوبھی بھی شامل ہے۔ اس کو کسی بھی شکل میں پکا کر کھائیں یہ جسم کے لیے فائدہ مند ہی ثابت ہوتی ہے، تاہم اعتدال میں کھانا ہی فائدہ مند ہوتا ہے۔

گریپ فروٹ
یہ مانا جاتا ہے کہ چربی کے خلاف مزاحمت کرنے والی منفرد کیمیائی خصوصیات کی بناءپر یہ پھل موٹاپے پر قابو پانے کے لیے بہترین ہے۔ وٹامن سی سے بھرپور اس پھل سے انسولین کی سطح میں کمی میں مدد ملتی ہے جس کے نتیجے میں جسم میں چربی کو جمع ہونے سے روکنے میں مدد ملتی ہے اور جسمانی وزن میں کمی آتی ہے۔

اخروٹ
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ روزانہ تیس گرام اخروٹ کھانا کولیسٹرول کی سطح کو بہتر بناتا ہے اور موٹاپے کے خطرے سے نجات دلاتا ہے۔ یہ پھل ذیابیطس کے شکار مریضوں کے لیے بھی بہترین ہے جو خون میں گلوکوز کی مقدار معمول پر رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

پانی
اگر تو آپ پانی کو کھانے سے کچھ دیر پہلے پینا عادت بنالیں تو 12 ہفتے میں جسمانی وزن میں 8 سے 10 کلو تک وزن کم کرسکتے ہیں، جرمنی میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق سترہ اونس پانی کے استعمال سے میٹابولک کی شرح میں تیس فیصد اضافہ ہوجاتا ہے جو کہ کیلیوریز کو جلانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ پانی پینا آپ کی پیاس کو بھی بجھاتا ہے اور اس طرح پیاس کو بھوک سمجھنے کی غلطی کا امکان ختم ہوجاتا ہے۔

جو
جو کے دلیے کا ناشتے میں استعمال معمول بنالیا جائے تو کولیسٹرول کی سطح کو بڑھنے سے روکنے میں مدد ملتی ہے۔ اس میں شامل فائبر چربی کو گھلانے میں مدد دے کر میٹابولزم کی کارکردگی کو بڑھاتا ہے اور آپ کو زیادہ دیر تک پیٹ بھرنے کا احساس ہوتا ہے اور جنک فوڈ کا استعمال کم ہوجاتا ہے۔

زیتون کا تیل
روزانہ ڈیڑھ اونس زیتون کے تیل کا غذا کو پکانے کے لیے استعمال کرنا جسمانی وزن اور توند میں تیزی سے کمی لانے کے لیے بہترین ثابت ہوتا ہے، یہ دعویٰ گزشتہ دنوں ایک تحقیق میں سامنے آیا اور زیتون کے تیل سے بنے کھانوں کا ایک فائدہ یہ بھی ہوتا ہے کہ آپ کو کیلوریز گننے کی ضرورت نہیں ہوتی۔

دالیں
جو لوگ بھی جسمانی وزن یا چربی میں کمی کے خواہشمند ہیں دالیں ان کے لیے بہترین آپشن ہے، کم کیلیوریز اور فیٹ کے ساتھ دال کی آدھی پلیٹ سے نو گرام پروٹین ملتی ہے جس سے جسم میں باڈی بنانے میں بھی مدد ملتی ہے۔ اسی طرح یہ کولیسٹرول اور بلڈ پریشر کی روک تھام کے لیے بہترین غذا ہے۔

سبز چائے
مختلف طبی تحقیقی رپورٹس کے مطابق سبز چائے میں موجود اجزاءمیٹابولزم کو بہتر بناتے ہیں جس کے نتیجے میں جسمانی وزن کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ یہ گرم مشروب ہماری غذا میں شامل گلوکوز سے توانائی خارج کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے جس کے نتیجے میں چربی کو گھلانے میں مدد ملتی ہے۔

مزیدخبریں