لاہور:پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقاریونس نے کہا ہے کہ اسپاٹ فکسنگ کےجرم میں پانچ سال کی پابندی ختم ہونے کے بعد سلمان بٹ کو قومی ٹیم میں واپس شامل کرنا چاہیے۔
بی بی سی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں سابق کپتان وقاریونس نے کہا کہ 'سلمان بٹ نے اپنی سزا پوری کی ہے اور ہرکوئی زندگی میں دوسرے موقع کا حق دار ہے'۔
سلمان بٹ، محمد آصف اور محمد عامر پر2010 میں انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے پر پانچ سال کے لیے کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔
گزشتہ سال آئی سی سی کی جانب سے کرکٹ کھیلنے کی اجازت کے بعد محمد عامر کو قومی ٹیم میں دوبارہ شامل کیا گیا جبکہ سلمان بٹ اور محمد آصف تاحال جگہ حاصل کرنے میں ناکام ہیں۔
سلمان بٹ نے ڈومیسٹک سیزن میں واپڈا کی قیادت کرتےہوئے ٹیم کو پہلی مرتبہ قائداعظم ٹرافی میں فتح دلا دی جہاں فائنل میں انھوں نے حبیب بینک کی ٹیم کے خلاف دونوں اننگز میں سنچریاں بنائی تھیں۔
وقاریونس کا کہنا تھا کہ وہ سلمان بٹ کی ٹیم کی واپسی کے 'حق میں' تھے۔واضح رہے کہ 2010 میں جب پاکستان ٹیم کے تینوں کھلاڑیوں پر اسپاٹ فکسنگ کاجرم ثابت ہوا تھا تو وقار یونس اس ٹیم کے ہیڈ کوچ تھے۔
سابق ہیڈ کوچ نے سلمان بٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ'وہ بہت اچھا کھیلتے تھے اور اپنی سزا بھی پوری کی ہے اس لیے میں ذاتی طورپر سمجھتا ہوں کہ ہر کسی کو آگے بڑھنے کا حق ہوتا ہے'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'لوگوں کی مختلف رائے ہے لیکن وہ ایک اچھا کھلاڑی ہے اور اچھا کھیل رہا ہے'۔سلمان بٹ نے قائداعظم ٹرافی میں کامیابی کے بعد اپنے بیان میں کہا تھا کہ ان کا کام کارکردگی دکھانا ہے اور ٹیم میں انتخاب کا کام سلیکٹرز کا ہے۔