کراچی :ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما فاروق ستار کاکہنا ہےکہ وفاق 14 روپے کم کرکے فوری ریلیف دے ۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما فاروق ستار نے کراچی والوں کے لیے بجلی سستی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سندھ سرکار بجلی کی قیمت میں کمی نہیں کرتی تو وفاق 14 روپے کم کرکے سندھ کو فوری ریلیف دے، ٹیکسوں کی بھرمار کراچی کی صنعتوں کو پنجاب منتقل کرنے کا پلان ہے۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ 30 ارب ڈالر کی برآمدات ہوئی تھیں جو اب تیزی سے گر رہی ہے، آپ کہہ رہے تھے کہ ہم ایکسپورٹ بڑھائیں گے، پنجاب میں 12 سینٹ کراچی کو 19 سینٹ پر بجلی مل رہی ہے، کراچی کی صنعتوں کو ٹھپ کرنے اور بند کرنے کا منصوبہ ہے۔
فاروق ستار نے کہا کہ حکومت نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو کراچی میں انارکی اور انتشار پھیلے گا، لوگوں کو خودکشی کی جانب دھکیلنے کی کوشش کی جا رہی ہے، 14 روپے کا ریلیف پنجاب کو دیا ہے وہ کراچی کے لیے بھی دیں، نواز شریف اپنی بیٹی کے ساتھ بیٹھ کر پنجاب کے لیے اشرفیاں لٹارہے ہیں اور مریم نواز کہتی ہیں ہم نے اپنے پیسوں سے ریلیف دیا ہے، بی بی یہ سب اپنا ووٹ بینک مضبوط کرنے کےلیے سیاسی گیم ہے۔
فاروق ستار نے مطالبہ کیا کہ ماڑی گیس فیلڈ پر جو 100 ملین کیوبک گیس بچی ہوئی ہے وہ گیس واپڈا کو دینے کے بجائے ہمیں دی جائے، ہم سستی بجلی پیدا کریں گے۔