فلپائن : منکی پاکس کا پہلا کیس فلپائن میں بھی سامنے آگیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال دسمبر کے بعد فلپائن میں پہلا منکی پاکس وائرس کا کیس سامنے آ یا ہے۔ اس بارے میں محکمہ صحت نے باقاعدہ تصدیق کی ہے کہ وائرس کی قسم ٹیسٹ کے نتائج کے بعد ہی بتائی جا سکتی ہے۔
فلپائنی محکمہ صحت سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کیس کی علامات ایک ہفتے بعد بخار کی صورت میں ظاہر ہونا شروع ہوئیں، جس کے 4 دن بعد چہرے، کمر، جسم کے دیگر حصوں پر خارش شروع ہوجاتی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق 33 سالہ فلپائنی شہری میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جس نے کبھی بین الاقوامی سفر نہیں کیا۔واضح رہے کہ سویڈن میں 15 اگست کو منکی پاکس وائرس کی نئی قسم کا کیس سامنے آیا تھا، جس کا تعلق افریقہ میں پھیلنے والے وائرس سے جوڑا جا رہا ہے۔
16 اگست کو پاکستان میں بھی منکی پاکس وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق ہوئی تھی، مذکورہ مریض خلیجی ریاست سے واپس آیا تھا، تاہم اب تک وائرس کی اس قسم کی شناخت نہیں ہو پائی ہے۔جولائی 2022 میں پہلے کیس کے بعد اب فلپائن میں یہ دسواں کیس ہے جس کی لیبارٹری سے تصدیق ہوئی ہے۔