اسلام آباد: انٹرنیٹ کی سست روی اور فائر وال کی تنصیب کے خلاف درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت کل کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے انٹرنیٹ کی سست روی اور فائر وال کی تنصیب کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔ ایڈووکیٹ ایمان مزاری نے عدالت میں بتایا کہ درخواست پر رجسڑار آفس نے اعتراض عائد کررکھا ہے،جس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ تین اعتراضات کو جوڈیشل سائیڈ پر دیکھیں گے
چیف جسٹس عامر فاروق نے مزید ریمارکس دیے کہ چوتھا اعتراض درخواست میں نامناسب زبان کے استعمال کا ہے، جس پر ایمان مزاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہم نے صرف ٹویٹ ساتھ لگایا ہے اس میں نامناسب زبان استعمال نہیں کی گئی۔
ایڈووکیٹ ایمان مزاری نے استدعا کی کہ عدالت درخواست کل ہی سماعت کے لیے مقرر کر دے جس پر عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے رجسڑار آفس کے اعتراضات دور کردیےکیس کی سماعت کل کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔