شیرافضل مروت کو سینئر قیادت پر غداری کے الزام ٹویٹر پر نہیں لگانے چاہئیں، تحقیقات کی جائے گی: ترجمان پی ٹی آئی

شیرافضل مروت کو سینئر قیادت پر غداری کے الزام ٹویٹر پر نہیں لگانے چاہئیں، تحقیقات کی جائے گی: ترجمان پی ٹی آئی

لاہور : پاکستان تحریک انصاف کی قانونی ٹیم کے رکن شیرافضل مروت ایڈووکیٹ کی ٹویٹ  کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت نے شیرافضل مروت کی ٹویٹ کا نوٹس لے لیا ۔ شیرافضل مروت ایڈووکیٹ کے تاثرات کی مکمل چھان بین کا فیصلہ  کیا گیا ہے۔ 

ترجمان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اپنی سیاسی جدوجہد کے نازک ترین دور سے گزر رہی ہے۔  چیئرمین  پی ٹی آئی  کی منظوری سے تحریک انصاف کی کورکمیٹی نہایت پیچیدہ صورتحال میں فیصلہ سازی کا حسّاس فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔

ترجمان تحریک انصاف  نے کہا کہ نہایت قابل، محنتی اور وفاشعار قانونی ماہرین پر مشتمل قانونی ٹیم چیئرمین سمیت قائدین اور کارکنان کیخلاف لاقانونیت اور بدترین انتقام کی یلغار میں حصولِ انصاف کیلئے کوشاں ہے،جبر و فسطائیت کے ماحول میں قانون کی حکمرانی اور حصولِ انصاف کی ان کی کوششوں کو پارٹی کے تمام کارکنان اور قائدین خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

 ترجمان تحریک انصاف نے یہ بھی کہا ہے کہ شیرافضل مروت ایڈووکیٹ کو اپنے تاثرات کا اظہار ٹویٹر کی بجائے پارٹی پلیٹ فارمز پر کرنا چاہئے تھا، فی الوقت ان کے خیالات کو ان کے نجی تاثرات ہی کے زُمرے میں رکھ کر ان کا جائزہ لیا جائے گا۔تحریک انصاف کو کچلنے کے ریاستی عزائم کے پیشِ نظر داخلی منافرت و تقسیم کی سازش کے امکانات  کو بھی رد نہیں کیا جاسکتا۔

 ترجمان تحریک انصاف نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی اجتماعی فیصلہ سازی کے عمل میں رخنہ اندازی یا تحریکی وحدت کو نقصان پہنچانے کی ہر مذموم دانستہ یا نادانستہ کوشش کو مکمل اتحاد، یگانگت اور اعتمادِ باہمی سے ناکام بنائیں گے۔ شیر افضل مروت ایڈووکیٹ اپنے خیالات و تاثرات کی پڑتال کیلئے تحریکی نظم سے معاونت کریں،قانونی ٹیم اسی محنت، لگن، جذبے اور ہمّت سے اپنے فرائض کی انجام دہی جاری رکھے جو ان نامساعد حالات میں ان کی پہچان اور طُرّۂ امتیاز بن چکا ہے۔ 

مصنف کے بارے میں