پی ٹی آئی کا انتخابات میں 90 دن سے زیادہ تاخیر کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان 

05:09 PM, 19 Aug, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ 90 روز میں انتخابات کروانے کے لیے آئین بہت واضح ہے۔پی ٹی آئی کور کمیٹی میں کوئی اختلاف نہیں۔ 

اسلام آباد پریس کلب میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 10 روز پہلے نئی مردم شماری کا نوٹیفیکیشن ہوتا ہے جبکہ سات روز پہلے قومی اسمبلی تحلیل ہوتی ہے تو آئین کے تحت 90 دن کی واضح قدغن ہے بصورت دیگر وہ غیر آئینی قدم ہو گا۔

شاہ محمود نے کہا تحریک انصاف نے فیصلہ کیا ہے کہ انتخابات میں 90 دن سے زیادہ تاخیر کو سپریم کورٹ میں چیلینج کرنے جا رہے ہیں اور ہماری قانونی ٹیم اس پر پٹیشن تیار کر رہی ہے۔

شاہ محمود کے مطابق مردم شماری سے متعلق سی سی آئی کے فیصلوں کو چیلینج کیا جائے گا۔ سینیٹر علی ظفر اور سلمان اکرم راجہ سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کریں گے جو اپنی تکمیل کے قریب ہے۔کور کمیٹی کے حوالے سے بے بنیاد خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔

عمران خان ہمارے چیئرمین تھے، ہیں اور رہیں گے۔ ان کا متبادل کوئی ہو ہی نہیں سکتا ان کے ویژن پر سب جڑے ہوئے ہیں۔ جب تک عمران خان رہا نہیں ہوتے کور کمیٹی ان کی امانت میں خیانت نہیں ہونے دے گی۔

مزیدخبریں