لاہور: سابق انٹرنیشنل کرکٹر ناہیدہ خان کو جنوبی افریقہ کے خلاف ہونے والی ویمنز سیریز کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی منیجر مقرر کیا گیا ہے، یہ سیریز یکم ستمبر سے کراچی میں شروع ہونے والی ہے۔
ناہیدہ خان کو صرف جنوبی افریقہ سیریز کے لیے تعینات کیا گیا ہے جبکہ عائشہ اشہر ایشین گیمز کے لیے ٹیم منیجر برقرار رہیں گی۔
36 سالہ ناہیدہ خان نے 120 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 2014 رنز بنائے اور ایک وکٹ حاصل کی۔ انہوں نے رواں سال جون میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی۔
ایک مختصر کوچنگ کے دور میں، ناہیدہ نے 19 مئی سے 4 جون تک کراچی میں منعقدہ پاکستان کپ ویمن کرکٹ ٹورنامنٹ میں بلاسٹرز کی اسسٹنٹ کوچ کے طور پر کام کیا۔ اس سے قبل مارچ میں وہ ایمازون ٹیم میں توفیق عمر کی اسسٹنٹ کوچ تھیں جس نے ویمنز لیگ کے نمائشی میچوں میں سپر ویمن کو 1-2سے ہرایا تھا۔
Nahida Khan appointed manager of Pakistan women's team
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) August 18, 2023
Read more: https://t.co/1VBEIZ7X20#BackOurGirls | #PAKWvSAW
ٹیم مینجمنٹ میں ناہیدہ کو ایک اور سابق انٹرنیشنل کرکٹر کامران حسین جوائن کریں گے جو سلیم جعفر کی جگہ بولنگ کوچ ہوں گے۔ گزشتہ ہفتے ہیڈ کوچ کے عہدے سے مارک کولز کے مستعفی ہونے کے بعد محتشم راشد جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز اور ایشین گیمز کے لیے قومی ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ کے طور پر ذمہ داری نبھائیں گے۔
پاکستان خواتین ٹیم کا سپورٹ سٹاف ان افراد پر مشتمل ہے: ناہیدہ خان (منیجر)، محتشم راشد (عبوری ہیڈ کوچ)، کامران حسین (بولنگ کوچ)، توفیق عمر (بیٹنگ کوچ)، محمد اسفند یار (سٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ)، زبیر احمد (تجزیہ کار)، رفعت اصغر گل (فزیو تھراپسٹ) اور سید نذیر احمد (میڈیا منیجر)۔