گجرات: اینٹی نارکوٹکس فورس نے گجرات ریلوے اسٹیشن پر کامیاب کارروائی کے دوران جعفر ایکسپریس کے عملے کے 2 ارکان کے قبضے سے منشیات برآمد کرلی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق ٹرین کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کی انٹیلی جنس اطلاعات موصول ہوئی تھیں جس کے بعد منصوبہ بندی سے راولپنڈی، پشاور، لاہور، کراچی اور کوئٹہ سمیت تمام بڑے جنکشنز پر ٹرینوں کو چیک کیا گیا۔
ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق دوران کارروائی جعفر ایکسپریس کے گارڈ انچارج اور اسسٹنٹ ایگزامینر الیکٹرک کی تلاشی لی گئی جن کی سرکاری پیٹی سے 4 کلو چرس اور 2 کلو افیون برآمد کی گئی۔ ان کا کہنا ہے کہ واقعےکے بعد تمام بڑے جنکشنز اور ٹرینوں کی نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزمان منشیات راولپنڈی سے جیکب آباد اسمگل کرنے کی کوشش کررہے تھے۔
اینٹی نارکوٹکس فورس کے ترجمان کا بتانا ہےکہ دونوں ملزمان راولپنڈی کے رہائشی ہیں اور ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔