نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق سپنر ہربھجن سنگھ نے انکشاف کیا ہے کہ شاہد آفریدی میرے لئے بہت سے تحائف لے کر آیا کرتے تھے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ٹی وی کو دئیے گئے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم میں میر کئی دوست ہوا کرتے تھے جن میں شاہد آفریدی بھی شامل ہیں، وہ جب آتے تھے تو میرے لئے پنجابی ڈرامے اور پشاوری جوتی لایا کرتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف سال 1999 میں دہلی ٹیسٹ میچ بہت یادگار تھا جہاں انیل کمبلے نے ایک اننگز میں 10 وکٹیں لی تھیں اور کسی بھی کرکٹر کیلئے یہ ایک بڑا کارنامہ ہے، یہ پہلا موقع تھا جب میں وکٹ نہ ملنے پر خوش تھا۔
انہوں نے اپنے بیان میں مزید انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق سپنر ثقلین مشتاق کے ساتھ بھی میری دوستی تھی اور ان کیساتھ کرکٹ کے معاملات پر گفتگو ہوا کرتی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ایک دہائی سے دو طرفہ سیریز سے محروم ہیں تاہم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ایونٹس میں ایک دوسرے کے مدمقابل دکھائی دیتی ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ٹاکرا آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ 2021 میں ہوا تھا جس میں پاکستان نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔