کابل :طالبان نے کابل میں بیوٹی سیلون کے باہر خواتین ماڈلز کی تصاویر پر سیاہ رنگ سے اسپرے کردیا ۔
افغانستان پر طالبان کے کنٹرول کے بعد روز نئے قوانین اور ضابطہ کار وضع کیے جارہے ہیں اور اسی تناظر میں گزشتہ دنوں طالبان جنگجوؤں نے دیواروں پر لگے تمام خواتین ماڈلز کے پوسٹرز ہٹا دیے تھے۔
اب اس حوالے سے مزید کچھ تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہیں جن میں کئی بیوٹی پارلرز اور سیلون کے باہر لگے پوسٹرز پر خواتین ماڈلز کے چہروں پر اسپرے کیا گیا ہے تاکہ ان کا چہرہ چھپایا جاسکے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل طالبان کے ترجمان ذبیح اللّٰہ مجاہد کی جانب سے خواتین کے حقوق اور میڈیا کی آزادی سے متعلق اپنی پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ شرعی تقاضوں کے تحت خواتین کو تمام حقوق فراہم کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا تھا کہ خواتین کے حقوق ایک سنجیدہ مسئلہ ہیں، خواتین اسلامی روایات کے تحت سرگرمیاں جاری رکھ سکتی ہیں۔