واشنگٹن : سابق صدر اشرف غنی کی بیٹی امریکا میں پرتعیش زندگی گذار رہی ہیں ۔
افغانستان کے مفرور سابق صدر اشرف غنی کی 42 سالہ بیٹی مریم غنی بروکلین کے کلنٹن ہل کے ایک پرتعیش گھر میں رہتی ہیں۔ وہ امریکہ میں پیدا ہوئیں اور وہیں انہوں نے پرورش پائی۔
اشرف غنی کی بیٹی کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ غیر روایتی طرز زندگی گزار رہی ہیں جو افغانستان کی خواتین کی زندگی سے بالکل مختلف ہے۔
مریم غنی افغانستان کی موجودہ صورتحال پر امریکی شہریوں سے اپیل کر رہی ہیں کہ وہ افغانوں کی مدد کریں کیونکہ ان کی زندگیاں طالبان کی وجہ سے متاثر ہو رہی ہیں۔
مریم کہتی ہیں کہ وہ افغانستان میں اپنے خاندان، دوستوں اور ساتھیوں کے لیے غمگین اور خوفزدہ ہیں۔
انہوں نے امریکی شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنے منتخب عہدیداروں سے رابطہ کریں اور افغان مہاجرین کی ملک بدری کو روکنے اور مہاجرین کے لیے خصوصی ویزوں کے اجرا کو تیز کرنے کی درخواست کریں۔
یاد رہے کہ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں طالبان کے داخل ہونے کے بعد اشرف غنی مبینہ طور پر 16 کروڑ 90 لاکھ ڈالر نقد لے کر ملک سے فرار ہوگئے تھے۔