بلوچستان یونیورسٹی نے کورونا ویکسی نیشن لازمی قرار دیدی

02:18 PM, 19 Aug, 2021

کوئٹہ: بلوچستان یونیورسٹی نے عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ویکسی نیشن کو لازمی قرار دیدیا ہے اور اس حوالے سے 31 اگست کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔ 
بلوچستان یونیورسٹی کے رجسٹرار کے مطابق جامعہ کے احاطے میں داخلے کیلئے مکمل کورونا ویکسی نیشن لازمی قرار دیدی گئی ہے اور تمام اساتذہ، غیر تدریسی عملہ اور طلباءکو 31 اگست تک کورونا ویکسی نیشن مکمل کروانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ یونیورسٹی کے احاطے میں داخلے کیلئے نادرا کا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ لازمی ہوگا۔
رجسٹرار یونیورسٹی کے مطابق ایسے افراد کو یونیورسٹی میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی جو کورونا ویکسی نیشن نہیں کروائیں گے جبکہ مکمل ویکسی نیشن کے بغیر طالب علموں کو یونیورسٹی ہاسٹل میں قیام کی اجازت بھی نہیں دی جائے گی۔ 
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث اموات کا سلسلہ تھم نہ سکا اور آج بھی مزید 74 افراد جان سے بازی ہار گئے جس کے بعد موذی وباءکے باعث ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 24 ہزار 713 ہو گئی ہے۔ 
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں 4 ہزار 373 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی جبکہ 55 ہزار 634 افراد کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے۔
این سی او سی کی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ کورونا سے مثبت کیسز کی شرح 7.86 فیصد رہی جبکہ ملک بھر میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 11 لاکھ 13 ہزار 747 ہو گئی ہے۔

مزیدخبریں