منفی معاشی اثرات ختم کرنے کیلئےکامیاب جوان پروگرام بہت ضروری ہے,وزیراعظم

06:54 PM, 19 Aug, 2020

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا کے ملکی معیشت پر منفی اثرات ختم کرنے کیلئے کامیاب جوان پروگرام بہت ضروری ہے، معاشی ترقی کیلئے نوجوانوں کو شراکت دار بنانا ہوگا۔

 
وزیراعظم سے معاون خصوصی عثمان ڈار اور مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے ملاقات کی، اس دوران کامیاب جوان پروگرام کے تازہ ترین اعدادوشمار پر بریفنگ دی گئی۔ پروگرام کے تحت نوجوانوان میں رقم کی تقسیم کا عمل تیز کرنے پر مشاورت ہوئی۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ چند دنوں میں 30 ہزار سے زائد نوجوانوں نے رقم کے حصول کیلئے درخواستیں دیں۔ نوجوانوں کی سہولت کیلئے 21 بینک رقم کی تقسیم کا عمل مکمل کریں گے۔ اب تک 1 ارب روپے کی رقم نوجوانوں میں تقسیم کی جا چکی ہے، مزید 53 ارب روپے سے زائد رقم کے حصول کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔

وزیراعظم کا اس موقع پر کہنا تھا کہ رقم کی تقسیم کا عمل مزید تیز اور شفاف انداز میں مکمل کیا جائے۔ پروگرام کے دوران رقم کی تقسیم کے عمل پر مکمل نظر رکھیں۔ شفافیت اور میرٹ پر کسی سطح پر بھی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔

وزیراعظم عمران خان نے پروگرام میں اب تک کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کی خود مانیٹرنگ کر رہا ہوں۔ انہوں نے معاون خصوصی عثمان ڈار کو ہر ماہ بعد جائزہ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

مزیدخبریں