گوجرانوالہ: کامونکی میں خواجہ سرا عثمان پیا کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر گوجرانوالہ میں خواجہ سراوں نے احتجاج کیا اور ٹریفک بند کر دی۔
خواجہ سراؤں نے جی ٹی روڈ پر احتجاجی ریلی نکالی جس میں خواجہ سراؤں نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر انصاف دو انصاف دو کے نعرے درج تھے۔
عثمان پیا کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر کیے گئے احتجاج کے دوران خواجہ سراوں نے جی ٹی روڈ پر لیٹ کر سینہ کوبی کرتے ہوئے ٹریفک کو بند کردیا۔
خواجہ سراوں کے احتجاج کے باعث جی ٹی روڈ پر گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں۔خیال رہے کہ گزشتہ روز کامونکی میں عثمان پیا نامی خواجہ سراء کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا۔
دوسری جانب کچھ عرصہ قبل راولپنڈی پولیس نے خواجہ سراؤں کے مسائل حل کرنے کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے تاریخ میں پہلی بار خواجہ سراؤں کے لیے الگ ڈیسک قائم کیا تھا۔پولیس حکام کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کے تناظر میں ریم شریف نامی خواجہ سرا کی بطور سہولت کار خدمات حاصل کر لی گئی ہیں۔ریم شریف کو راولپنڈی کے ویمن پولیس اسٹیشن میں کام کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ خواجہ سراؤں کے لیے مختص ڈیسک ان کے مسائل حل کرنے میں معاون ثابت ہوگا اور پنجاب بھر میں خواجہ سراؤں کو بطور سہولت کار رکھا جائے گا۔