لاہور: وزیر اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں کہ اپوزیشن کی ’آؤ آپس میں سیاست کریں‘ کی نئی قسط میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے ایک بار پھر مولانا کے ساتھ ہاتھ کر دیا۔
فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے آج بلائی گئی اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کو ہدفِ تنقید بنایا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ اے پی سی شہباز شریف کے کمر درد اور بلاول بھٹو زرداری کے تنظیمی دورے کی نذر ہو گئی ہے۔ ایک دوسرے سے سچ نہ بولنے والے قوم سے کیسے سچ بول سکتے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا ہے کہ حضرت مولانا کا ایجنڈا کچھ اور جبکہ پیسہ بچاؤ پارٹیوں کا ایجنڈا کچھ اور ہے۔ مولانا صاحب کھوٹے سکے ہیں اور وہ چلنے والے نہیں۔
وزیرِ اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات کا یہ بھی کہنا ہے کہ مولانا صاحب اِن کو چھوڑیں اور مظلوم کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کریں۔
واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس آج اسلام آباد میں ہو رہی ہے جس کی صدارت امیرِ جمعیت علمائے اسلام ف مولانا فضل الرحمٰن کریں گے۔
اپوزیشن کی اے پی سی میں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف شرکت نہیں کریں گے۔