اسلام آباد: لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزی کے باعث شہریوں کی شہادت پر بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔
بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گورواہلوالیہ کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا اور پاکستان کی جانب سے بھارتی فوج کی طرف سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ گزشتہ روز لائن آف کنٹرول کے تتہ پانی سیکٹر پر بھارتی فوج کی بلااشتعال گولہ باری اور فائرنگ سے 2 شہری شہید اور ایک بچہ زخمی ہوا تھا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بھارتی فوج ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ بھارت مسلسل جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی سے علاقائی امن کو خطرہ ہے۔