ممبئی: بالی ووڈ دیسی گرل اداکارہ پریانکا چوپڑا نے اپنے دوست اور امریکی گلوکار نک جونس سے منگنی کرلی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پریانکا اور نک جونس کی منگنی کی تقریب اداکارہ کے گھر پر منعقد کی گئی جس میں صرف مخصوص لوگوں نے شرکت کی۔منگنی کی تقریب ہندو مذہب اور پنجابی رسم و رواج کے تحت ادا کی گئی جس میں پریانکا نے پیلے اور نک جونس نے سفید رنگ کا کرتا پاجامہ زیب تن کیا ہوا تھا۔ تقریب میں شریک مہمانِ گرامی نے جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور ان کی کامیابیوں کے لیے بھی دعا کی۔
خیال رہے کہ بالی ووڈ اداکارہ نے منگنی کے پیش نظر اپنی نئی آنے والی فلم ’بھارت‘ سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی جس کے بعد کترینہ کیف کو ان کی جگہ مرکزی کردار دیا گیا۔’بھارت‘ کے ہدایت کار علی عباس ظفر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر تصدیق کی کہ اب پریانکا فلم کی کاسٹ کا حصہ نہیں ہیں ساتھ ہی انہوں نے منگنی کی طرف اشارہ بھی دیا تھا۔
قبل ازیں بھارتی میڈیا کے ذرائع نے جون کی 27 تاریخ کو دعویٰ کیا تھا کہ پریانکا چوپڑا جولائی یا اگست میں امریکی گلوکار نک جونس کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کا ارادہ رکھتی ہیں۔شادی کے حوالے سے دونوں شخصیات نے کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی تھی تاہم قریبی ذرائع نے اس بات کا دعویٰ ہے کیا تھا کہ جولائی کے آخری یا اگست کے اوائل میں دونوں منگنی کرلیں گے۔
یاد رہے کہ رواں سال مئی میں بالی ووڈ میں اچانک شادیوں کا سیزن شروع ہوا تھا، سب سے پہلے سونم کپور پھر اداکارہ نیہا دھوپیا اور پھر میوزک کمپوزر ہمیش ریشمیا نے ایک ہی ہفتے میں شادی کی تھی۔