ؒلاہور:پی ٹی آئی کے عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ پنجاب کا الیکشن ہارنے والے اور پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ دکھی دل سے کہتا ہوں آج کے مینڈیٹ میں دھاندلی کی ملاوٹ ہے،21ارب روپے میرے یاآپ کے نہیں،عوام کے تھے، آر ٹی ایس سسٹم بیٹھا نہیں تھا شب خون مارا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کے بعد ایوان سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ جوبھی بات کروں گااخلاق کے دائرے میں رہ کرکروں گا،اقتدار آنے جانے کی چیز ہے ،ہمیں اس کی خواہش نہیں،الیکشن کمیشن کے بے پناہ اختیارات ہیں۔
رکن اسمبلی نے اعتراف کیا کہ ماضی میں ہم سب سے غلطیاں ہوئی ہیں،ایوان میں بیٹھا ہر نمائندہ معززہے جبکہ تیسری حکومت ہے جو تسلسل سے جمہوری نظام کے تحت وجود میں آئی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں تمام سیاسی جماعتیں دھاندلی کا شور مچار ہی ہیں جبکہ بیرونی میڈیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی دیکھتا ہوں،آغازاچھا ہونا چاہیے تھا ۔
حمزہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت شفاف انتخابات کرانے میں ناکام رہی،انتخابات میں ہمارے پولنگ ایجنٹس کوباہر نکالا گیا،مسلم لیگ ن کی حکومت نے16ہزارمیگاواٹ بجلی پیدا کی،پاکستان نے بہت قربانیاں دی ہیں،پاکستان کوبہت سے چیلنجز کاسامنا ہے،آج ہمارادشمن ملک کہتا ہے کہ پاکستان کوپیاسامارناہے،ایسا نہیں ہوگا،کچھی کینال کاذکر کروں گا کیونکہ پانی کی ایک ایک بوند قیمتی ہے۔
100 ارب روپے خرچ کرکے بھاشا ڈیم کیلئے زمین خریدی جبکہ کالا باغ ڈیم سیاست کی نذر ہوگیا۔حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ کرپشن ثابت نہ ہونے کے باوجود نواز شریف کو سزا سنائی گئی جبکہ انہو ں نے اندھیرے ختم کرنے کا بیڑہ اٹھایا تھا،کالا باغ ڈیم نہ بننے سے ملک کو نقصان پہنچ رہا ہے اور میں آج بھی کہتا ہوں کالا باغ ڈیم بننا چاہیے۔