باپ بیٹے کی لاہور یاترا کے اثرات نمودار ہونا شروع ہوچکے ہیں، نعیم الحق

08:11 PM, 19 Aug, 2017

اسلام آباد: :  باپ بیٹے کی لاہور یاترا کے اثرات نمودار ہونا شروع ہوچکے ہیں۔بلاول کی تقریر کا متن جاتی امراء اور زرداری ہاؤس کی مشترکہ کاوش ہے۔نواز شریف اور نون لیگ کیطرح زرداری صاحب اور پیپلز پارٹی دو متضاد سمتوں میں کھڑے ہیں۔ یہ بات سینئر مرکزی رہنما و ترجمان چیئرمین تحریک انصاف نعیم الحق نے بلاول کی تقریر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہی۔

ان کا کہنا تھا کہ زرداری صاحب ایک مرتبہ پھر پیپلز پارٹی کے مفاد ایک جانب رکھ کر نواز شریف سے بغلگیر ہونے کو تیار ہیں۔نوازـزرداری نورا کشتی کی ایک نئی قسط دکھا کر قوم کو گمراہ کرنے نکلے ہیں۔نواز , زرداری کرپشن اور لوٹ کا مال بچانے کیلئے آپس میں یکجا اور متحرک ہیں۔ نعیم الحق نے مزید کہا کہ زرداری جانتے ہیں کہ نواز نہ بچ پائے تو ان کی نجات بھی ممکن نہیں۔بیچارے بلاول کو اندازہ نہیں کہ انکے والد آغاز سے پہلے ہی انکے سیاسی مستقبل پر فاتحہ خوانی کرچکے ہیں۔پختونخوا کی تعلیم اور صحت سے متعلق بلاول کی گفتگو انکی جہالت اور ناقص معلومات کا نتیجہ ہیں۔بلاول کی ایک کٹھ پتلی سے زیادہ حیثیت ہوتی تو کم از کم سندھ کے عوام کی حالت بہتر بنانے کیلئے ضرور کچھ کرتے۔بلاول کو ملک کے کسی بھی حصے میں جاکر دعوے کرنے سے پہلے سندھ کے آئینے میں اپنی جماعت کی حکومت کا چہرہ دیکھنا چاہئیے۔

نعیم الحق نے کہا کہ قوم الحمدللہ بیدار ہے اور جانتی ہے کہ پنجاب اور سندھ کے ٹھگوں سے نجات کے بغیر بہتری ممکن نہیں۔نواز بھی قوم کا مال واپس کرے گا اور زرداری کو بھی قومی دولت لوٹانا ہوگی۔نورا کشتی کے بل بوتے پر قوم کو بیوقوف بنانے کے دن اب واپس نہیں آئیں گے.

مزیدخبریں